مہر نیوز ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی و منصوبہ بندی "سید ناصر حسین شاہ" نے تہران میں امام خمینی کی برسی کے موقع پر مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: آج کی تقریر میں رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے خاص طور پر فلسطین کے بارے میں جو نکات کہے وہ قابل تعریف تھے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے تمام موجودہ عالمی مسائل اور ایران کے اندرونی مسائل کے بارے میں جامع انداز میں بات کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب نے ایک اہم اور درست نکتے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے ساتھ خطے پر اس رجیم کے تسلط کا بھی خاتمہ کر دیا ہے، جو ہم سب کے مشاہدے میں ہے۔
صوبہ سندھ کے وزیر توانائی و منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے آج کے خطاب میں واضح کیا کہ "اگرچہ امریکہ اور بہت سی مغربی حکومتیں اس رجیم کی حمایت کر رہی ہیں، لیکن وہ بھی جانتی ہیں کہ قابض حکومت کے لئے نجات کا کوئی راستہ نہیں بچا ہے"۔ یہ ایک کھلی حقیقت ہے. آج امریکہ اور اس کے اتحادی صیہونی حکومت کے تمام جرائم میں شریک ہیں۔
انہوں نے ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آیت اللہ رئیسی کے دورہ کراچی کے دوران ان سے ملاقات کا موقع ملا، وہ نہایت متواضع شخصیت تھے لیکن جب امریکہ، اسرائیل اور دشمنان اسلام کے بارے میں بات کرنے لگتے تھے تو پوری طاقت سے بولتے تھے جس سے ان کی مذہبی اور قومی غیرت کا اظہار ہوتا تھا۔
سید ناصر حسین شاہ نے ایرانی وزیر خارجہ شہید حسین امیرعبداللہیان کو ایک فعال سفارت کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید امیر عبداللہیان بین الاقوامی سطح پر ایک فعال وزیر خارجہ تھے۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ انہیں شہید امیر عبداللہیان سے متعدد بار ملاقات کا موقع ملا مزید کہا کہ جب میں نے ان نیک صفت مردوں کی شہادت کی خبر سنی تو مجھے صدمہ پہنچا اور مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ وہ شہید ہو گئے ہیں۔
صوبہ سندھ کے وزیر توانائی و منصوبہ بندی نے رہبر معظم کے امریکی نوجوانوں کے نام لکھے گئے خط کے بارے میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے فلسطین کی حمایت کرنے والے امریکی نوجوانوں کے نام خط نے دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ جب ہم دیکھتے ہیں کہ امریکہ اسرائیل کے جنگی جرائم میں شریک ہے تو پھر ہمیں یہ کہنا چاہیے کہ یہ خط درست، بروقت اور قابل تعریف ہے۔
آپ کا تبصرہ